پنجاب: یونین کونسلز کی حد بندی کے عمل کیلئے نظرثانی شدہ شیڈول جاری
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں یونین کونسلز کی حد بندی کے عمل کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے حد بندی کے عمل سے متعلق 15 اپریل 2026 کے نوٹیفکیشن میں جزوی ترمیم کر دی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ووٹرز کی جانب سے ڈیلیمٹیشن اتھارٹیز کے سامنے اعتراضات جمع کروانے کی مدت 4 جولائی 2026 تک بڑھا دی گئی ہے جبکہ اعتراضات پر فیصلے کرنے کی آخری تاریخ 29 جولائی 2026 مقرر کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ڈیلیمٹیشن اتھارٹیز کے فیصلوں سے متعلق معلومات ڈیلیمٹیشن کمیٹیوں کو 7 اگست 2026 تک فراہم کی جائیں گی، پنجاب میں یونین کونسلز کی حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 17 اگست 2026 کو شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے حد بندی کے عمل کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے، یونین کونسلز کی حد بندی کا عمل شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق مکمل کرنے اور تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو نظرثانی شدہ شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔