امریکا ایران معاہدہ قومی اسمبلی میں پیش، مفاہمتی یادداشت دنیا نیوز کو موصول
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معاہدہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر 19 جون کو دستخط کیے گئے تھے، معاہدے کو قومی اسمبلی کے ریکارڈ کا حصہ بھی بنا دیا گیا ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران اور امریکا نے جنگی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کیا ہے، معاہدے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف کسی نئی جنگ یا فوجی کارروائی سے گریز کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
معاہدے کے مطابق ایران اور امریکا نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر اتفاق کیا ہے، حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات مکمل کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی گئی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں مفاہمتی یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کو باضابطہ طور پر اسمبلی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔