تھانہ سٹی جڑانوالہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک
جڑانوالہ: (دنیا نیوز) تھانہ سٹی جڑانوالہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق غلام عباس اے ایس آئی زیرِ حراست ملزمان کو ریکوری کیلئے لے جا رہا تھا، راستے میں ملزمان کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا، نامعلوم ملزمان زیرِ حراست ڈاکوؤں کو چھڑوا کر لے گئے، اور پولیس پر فائرنگ کرتے رہے۔
اطلاع پاکر ایس ایچ او سٹی جڑانوالہ مظفر کھوکھر اور اے ایس آئی احسان بٹ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرنا شروع کیا، اور 239 گ ب کے قریب دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں پھینک کر نہر کی جانب فرار ہو گئے، فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر 2 ڈاکو زخمی حالت میں پائے گئے، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، ہلاک ملزمان کی پہچان جنید عرف نوید اور مظہر کے نام سے ہوئی جو ریکارڈ یافتہ ملزمان تھے۔