حکومت کا ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ خان کو 4 سال کی توسیع دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل فواد اسد اللہ خان کو مزید 4 سال کی توسیع دینے کا فیصلہ کر لیاہے۔

اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ فواد اسد اللہ خان کی پیشہ وارانہ مہارت اور قومی سلامتی میں مؤثر کردار کا اعتراف ہے، تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی وعالمی سلامتی حالات میں یہ فیصلہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

یاد رہے فواد اسد اللہ خان کو 21 اپریل 2022 کو ڈائریکٹرجنرل انٹیلی جنس بیورو تعینات کیا گیا تھا، فواداسد اللہ خان انٹیلی جنس کیڈر کے پہلے افسر ہیں جنہیں گریڈ 22 میں ترقی دے کر ڈی جی آئی بی مقرر کیا گیا۔ 

واضح رہے فواد اسد اللہ خان آپریشنل اور سٹریٹجک انٹیلی جنس کے شعبوں میں تقریباً4 دہائیوں کا وسیع تجربہ رکھتےہیں، اُنہیں 1996 میں تمغۂ شجاعت اور 2017 میں ستارۂ شجاعت عطا کیا گیا

مزید برآں معرکہ حق کے دوران خدمات کےاعتراف میں انہیں 2025 میں ہلالِ امتیاز سےبھی نوازا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں