انتہائی افزودہ یورینیم واشنگٹن کے حوالے کرنا ناممکن ہے، اسماعیل بقائی
تہران: (دنیا نیوز) ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ انتہائی افزودہ یورینیم واشنگٹن کے حوالے کرنا ناممکن ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں توجہ مستقل جنگ بندی پر ہے، جوہری مسئلے سے متعلق اس مرحلے پر بات نہیں کی جا رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ قطر کا وفد وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بات چیت کر رہا ہے، ایران اور امریکہ کے اختلافات گہرے ہیں، سفارت کاری میں وقت لگتا ہے، مذاکرات میں پاکستان مرکزی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
قبل ازیں ایک بیان میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر کسی خود مختار ملک پر حملے کا حق نہیں دیتا، فروری کے آخر میں ہونے والا امریکی اسرائیلی حملہ واضح جارحیت تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکہ و اسرائیل کا حملہ اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، امریکہ کو من مانے فیصلوں کی بنیاد پر طاقت استعمال کرنے کا اختیار حاصل نہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قانون کی پاسداری کرنے والے ممالک خاموش نہ رہیں۔