شہر قائد میں گزشتہ روز زخمی ہونے والا نوجوان ڈاکو نکلا
کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں گزشتہ روز زخمی ہونے والا نوجوان ڈاکو نکلا۔
پولیس حکام کے مطابق پاک کالونی میں گزشتہ روز فائرنگ سےزخمی ہونے والے احسان عرف شانو نامی شخص کے واقعہ کی تحقیقات کےدوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی بیان میں زخمی ہونے والے شخص نے بتایا کہ نامعلوم ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کیا، دوران تفتیش انکشاف ہوا زخمی شخص احسان عرف شانو گینگ وار کے ارشد ڈاڈا گروپ سےوابستہ مطلوب ملزم ہے۔
ملزم شانو ڈکیتی، قتل، اقدام قتل اور سنگین جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہے، گزشتہ روز وہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی کی واردات کی کوشش کر رہا تھا اور دوران واردات نامعلوم راہگیر نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کیا۔
دوسری جانب پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کی نشاندہی پرمزکورہ واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا، ملزم کے خلاف پاک کالونی تھانے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔