پنجاب کے تعلیمی اداروں میں آئس سپلائی کرنے والا بڑا ملزم گرفتار
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد یاسین کو گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مظہر اقبال نے کہا ہے کہ محمد یاسین پنجاب کے مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کو آئس فراہم کرتا رہا ہے اور اس نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ملتان نارکوٹکس کنٹرول سٹیشن نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ سمگلرز افتخار احمد اور شبیر احمد کو گرفتار کیا، دونوں ملزمان کو 96 گھنٹے طویل سرچ آپریشن کے بعد شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب حراست میں لیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اعلیٰ معیار کی 16 کلو گرام آئس اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ افتخار احمد اور شبیر احمد سے تفتیش کے دوران محمد یاسین کا نام سامنے آیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا، تینوں ملزمان کیخلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مظہر اقبال نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی کیونکہ یہ ایک گھناؤنا جرم ہے، نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور صوبے سے منشیات فروشوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔