پنجاب میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران شدید ہیٹ ویو کا خدشہ
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری تک زیادہ رہنے کی توقع ہے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے، ہیٹ ویو کے دوران رات کے وقت بھی گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے گزارش ہے کہ گرمی و ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک شدید دھوپ میں غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں، گرمی سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپنے کیلئے ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں، شدید گرمی کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو لازمی طور پر گھروں کے اندر رکھیں۔
ترجمان نے ہدایت کی کہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے گاڑی کے ٹائروں کا پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح لازمی چیک کریں، گرمی میں پانی کی قلت سے بچنے کیلئے زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کا استعمال احتیاط سے کریں، گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے بے زبان پرندوں اور جانوروں کیلئے پانی کے برتن بھر کر رکھیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں قصاب، مویشی، تاجر اور صفائی کا عملہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے خصوصی احتیاط برتیں، مویشیوں کو گرمی سے بچانے کیلئے انہیں بار بار پانی پلائیں اور ان پر پانی کا چھڑکاؤ کریں، عیدِ قربان کے حوالے سے لگی بکرا منڈیوں میں پینے کا پانی اور عارضی سائے کا انتظام کیا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق عوام گرمی کی شدت اور ہیٹ سٹروک کی علامات کو سمجھیں اور فوری ہائیڈریشن اور طبی امداد حاصل کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے منڈیوں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کیلئے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس قائم کئے جا رہے ہیں، ہنگامی مدد یا ہیٹ ویو کی معلومات کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔