مائیک ہیسن کا محمد رضوان کی کپتانی پر تبصرہ، ورلڈ کپ تیاریوں پر زور
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ٹیم کو ابھی کئی شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ محمد رضوان کو کپتانی سے ہٹا دینا چاہیے کیونکہ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا تاکہ نئے ٹیلنٹ کو آزمایا جا سکے اور ٹیم کے لیے مزید آپشنز تیار کیے جا سکیں۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ آئندہ سال ورلڈ کپ شیڈول ہے اور اس سے قبل صرف 10 ون ڈے میچز کافی نہیں ہیں، اس لیے ٹیم کمبی نیشن اور متبادل کھلاڑیوں پر مزید غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاور پلے کے دوران زیادہ رنز بنانے اور حریف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنے کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔