ٹرمپ کا ایران سے ممکنہ معاہدے پر ناقدین کو جواب، اوباما دور کے معاہدے پر بھی تنقید
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ زیرِ غور ممکنہ معاہدے پر تنقید کرنے والے سیاسی مخالفین کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناقدین ایسے معاملات پر رائے دے رہے ہیں جن کی تفصیلات ابھی سامنے ہی نہیں آئیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس، بعض ریپبلکن رہنما اور دیگر مخالفین اس ممکنہ معاہدے کے بارے میں مکمل معلومات نہیں رکھتے کیونکہ مذاکرات کا عمل ابھی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی حتمی معاہدے سے پہلے اس پر تنقید قبل از وقت ہے۔
ٹرمپ نے اپنے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انہیں کمزور قیادت اور ناکام پالیسیوں کی علامت قرار دیا، جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی معاہدہ طے پایا تو وہ مؤثر اور مضبوط ہوگا، بصورت دیگر کوئی معاہدہ نہیں کیا جائے گا، ٹرمپ نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں ہونے والے جوہری معاہدے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ ویسا معاہدہ نہیں کرے گی۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں مختلف رپورٹس سامنے آ رہی ہیں، تاہم حتمی معاہدے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، بعض رپورٹس میں پیش رفت کا ذکر کیا گیا ہے، لیکن تفصیلات ابھی زیرِ مذاکرات ہیں۔