بلوچستان میں ٹرین سروس بحال، جعفر ایکسپریس آج کوئٹہ سے روانہ ہوگی
کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں 3 روز سے معطل ریلوے آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت جعفر ایکسپریس آج (ہفتہ) کو اپنے مقررہ وقت پر کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔
ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی واپسی سروس بھی معمول کے مطابق چلائی جائے گی، جس سے صوبے اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان ریلوے رابطہ دوبارہ بحال ہو جائے گا۔
گزشتہ 3 روز کے دوران کوئٹہ آنے اور جانے والی ٹرین سروسز ناگزیر وجوہات کی بنا پر معطل رہی تھیں۔ جمعہ کے روز بھی جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ سے روانہ نہیں کیا گیا، جبکہ پشاور سے آنے والی ٹرین کو جیکب آباد سے واپس بھیج دیا گیا تھا۔ اسی طرح بولان میل اور چمن پسنجر ٹرین کی سروسز بھی عارضی طور پر بند رکھی گئی تھیں۔
ریلوے آپریشن میں تعطل کے اثرات کراچی سے چلنے والی بعض ٹرینوں پر بھی مرتب ہوئے۔ تیزگام ایکسپریس اپنے مقررہ وقت شام ساڑھے 5 بجے کے بجائے رات ڈیڑھ بجے روانہ ہوئی، جس پر مسافروں نے کینٹ اسٹیشن پر احتجاج بھی کیا۔ اسی طرح سکھر ایکسپریس کی روانگی میں بھی غیر معمولی تاخیر دیکھنے میں آئی۔