فیصل کریم کنڈی کا ڈی آئی خان ایئر پورٹ کا دورہ، جلد فعال کرنے کا اعلان

ڈی آئی خان:(دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔

 پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی حکام نے گورنر کو مختلف امور سے متعلق بریفنگ دی، فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے ڈیرہ ایئرپورٹ سے متعلق بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کو کمرشل مقاصد کیلئے فعال بنانے کی کوشش کررہے ہیں، رن وے پر کارپٹنگ ہوچکی ہے، باقی کام مکمل کرکے اے ٹی آر فلائٹس کیلئے قابل بنایا جائے گا۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ڈیرہ ایئرپورٹ 2015 میں بند کیا گیا تھا جس میں آلات اور سٹاف کی کمی جلد پوری کی جانی چاہیے جب کہ ڈیرہ ائیرپورٹ کی آڈٹ اور سیفٹی اسسمنٹ ناگزیر ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ امید ہے وزیر دفاع جلد کمرشل آپریشن بحالی کی خوشخبری دیں گے، ساؤتھ ایئر حکام سے ملاقات میں ڈیرہ اور چترال فلائٹس پر بات ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ نجی ایئرلائنز کو خیبرپختونخوا میں فلائٹس آپریشن کیلئے راغب کریں گے، گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ 1700 سے زائد ایکڑ اراضی پر تعمیر ہوگا۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ائیرپورٹ ایک سال میں 10 لاکھ مسافروں کی گنجائش رکھے گا، ایئرپورٹ کو پیزو، لکی مروت یا بنوں منتقل کرنا مناسب نہیں، پارک کے قریب ایئرپورٹ پورے خطے کیلئے زیادہ موزوں ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ این 55 ڈیرہ پروا روڈ کی دو رویہ تعمیر پر جلد کام شروع ہو گا، این 55 منصوبے کے ٹینڈرز مکمل ہوچکے ہیں، گندم پر پابندی زیادتی اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ آج انہی لوگوں کے پاس گئے جنہیں ماضی میں تنقید کا نشانہ بناتے تھے، اگر آئینی عدالت بحالی کا فیصلہ بھی دے تو حتمی فیصلہ تحریک انصاف نے کرنا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ اٹھائیسویں ترمیم کا ابھی کوئی مسودہ سامنے نہیں آیا، پیپلز پارٹی ہر آئینی معاملے کا تفصیلی جائزہ لے کر تجاویز دیتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں