سیاچن کے پہاڑوں سے پاک فوج کے جوانوں کا عید پر قوم کے نام پیغام
سیاچن: (دنیا نیوز) عید الاضحیٰ کے موقع پر سیاچن کے برف پوش محاذ سے پاک فوج کے جوانوں نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا کے بلند ترین اور دشوار گزار محاذ سیاچن گلیشیئر پر تعینات پاک فوج کے بہادر جوان ہر دم تیار اور مستعد ہیں، سیاچن کے دشوار گزار پہاڑوں پر موجود پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اہل وطن کو عید الاضحیٰ کی خصوصی مبارکباد پیش کی۔
پاک فوج کے جوانوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ جب پوری قوم عید کی خوشیاں منا رہی ہوتی ہے تو ہم سیاچن کی برف پوش چوٹیوں پر وطن کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں، سخت سردی، ٹھنڈی ہواؤں اور برف پوش بلند پہاڑوں کے درمیان ملک کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدِ قربان ہمیں ایثار، قربانی اور مادر وطن پر جان نچھاور کرنے کا درس دیتی ہے، ہمیں سبز ہلالی پرچم کی حرمت جان سے بڑھ کر ہے، دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
جوانوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر ملک کے امن، سلامتی اور پاک فوج کیلئے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کریں۔