بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کروا رہا ہے: رانا تنویر حسین
مریدکے:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔
اپنے آبائی حلقے مریدکے میں 28مئی یوم تکبیر کے موقع پر تقریب میں لیگی رہنماؤں کے ہمراہ کیک کاٹنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر کا کہنا تھا کہ پاکستان عالم اسلام کی عظیم پہلی ایٹمی قوت بنا۔
اُنہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، بھارت دوبارہ پاکستان کے خلاف جنگ کی جرأت نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کروا رہا ہے، ہماری مسلح افواج ہر طرح کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ جب تک ایک بھی فتنتہ الخوارج موجود ہے۔ اُن کے خلاف کارروائیاں ہوتی رہیں گی۔