علی پور: افسوسناک ٹریفک حادثے میں اے ایس آئی عبد الخالق گوپانگ جاں بحق
علی پور: (دنیا نیوز) افسوسناک ٹریفک حادثے میں پولیس کے اے ایس آئی عبد الخالق گوپانگ جاں بحق ہوگئے جس کے باعث محکمے اور شہری حلقوں میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق علی پور میں ملتان روڈ پر پرمٹ کے قریب اے ایس آئی عبد الخالق گوپانگ کی کار حادثے کا شکار ہوئی، گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونے سے کار بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی۔
اس حادثے میں اے ایس آئی عبد الخالق گوپانگ کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جس پر انہیں تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اے ایس آئی عبد الخالق گوپانگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ٹی ایچ کیو اسپتال علی پور میں دم توڑ گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس افسران اور شہریوں کی جانب سے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔