سابق امریکی سی آئی اے اہلکار پر سیکڑوں سونے کی اینٹیں چوری کرنے کا الزام

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے کے سابق سینئر اہلکار ڈیوڈ رش پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے وفاقی حکومت کی سیکڑوں سونے کی اینٹیں چوری کیں جن کی مالیت 4 کروڑ ڈالر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ڈیوڈ رش نے چوری شدی سونے کی اینٹوں کو اپنے گھر میں چھپا کر رکھا ہوا تھا، ڈیوڈ پر گزشتہ ہفتے ورجینیا میں دائر وفاقی عدالت کے ریکارڈ کے مطابق سرکاری رقوم کی مجرمانہ چوری کے الزام میں گرفتاری کے بعد فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

امریکی ایف بی آئی ایجنٹ کے حلف نامے کے مطابق نومبر سے مارچ کے دوران انہوں نے سرکاری کام سے متعلق اخراجات کے نام پر غیر ملکی کرنسی کی بڑی مقدار اور دسیوں ملین ڈالر مالیت کی سونے کی اینٹیں طلب اور وصول کیں۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ ان رقوم کو کس مقصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے تھے تاہم کچھ رقم ان کے دفتر کے قریب سٹوریج سے برآمد ہوئی۔

وفاقی حکام نے 18 مئی کو ان کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے 300 سے زائد سونے کی اینٹیں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 4 کروڑ ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے، 20 لاکھ ڈالر نقد امریکی کرنسی اور 35 لگژری گھڑیاں بھی ضبط کی گئیں، ڈیوڈ رش کو اس واقعے کے اگلے ہی دن گرفتار کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں