اقوام متحدہ نے بین الاقوامی قوانین کے احترام میں کمی شدید خطرہ قرار دیدی

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے بین الاقوامی قوانین کے احترام میں کمی شدید خطرہ قرار دیدی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بین الاقوامی قانون کے احترام میں خطرناک کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزیاں دنیا کے امن کے لئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گوتریس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یو این چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے نظام کو مضبوط بنانے سے متعلق اعلیٰ سطحی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خودمختاری، علاقائی سالمیت، سیاسی آزادی اور طاقت کے استعمال یا دھمکی کی ممانعت جیسے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ خلاف ورزیوں پر جوابدہی نہ ہونے کے باعث سزا سے استثنیٰ کا رجحان بڑھ رہا ہے جبکہ جغرافیائی سیاسی تقسیم میں اضافہ اور باہمی اعتماد میں کمی عالمی اتفاقِ رائے کو مشکل بنا رہی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل اکثر اتحاد اور مشترکہ مقصد کے ساتھ کارروائی کرنے میں ناکام رہتی ہے، جس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جاتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تنازعات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کے بعد اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ تنازعات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، سوڈان، یوکرین اور دیگر خطوں میں تشدد کی شدت اور پیچیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ڈرونز سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال عام شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں