ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی برقرار ہے: رائل نیوی نے جہازوں کے کپتانوں کو خبردار کردیا
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے جہازوں کے کپتانوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی برقرار ہے۔
برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے کپتانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان بندرگاہوں کی طرف آنے اور وہاں سے جانے والی تمام ٹریفک محدود ہے۔
رائل نیوی کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے غیر جانبدار یا تجارتی جہازوں کو امریکی افواج سے کم از کم 30 ناٹیکل میل کے فاصلے پر رہنا چاہئے۔
جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے ریڈیو پر سوالات کا جواب دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے تاکہ کسی بھی غلط فہمی کے نتیجے میں خطرہ نہ پیدا ہو، جو جہاز ناکہ بندی پر عمل نہیں کریں گے انہیں جہاز کو غیر فعال کرنا یا تباہ کن فائرنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سمندر میں ایندھن یا سامان کی منتقلی سے بھی گریز کیا جائے۔
بیان کے مطابق اگرچہ بین الاقوامی پانیوں میں جہاز رانی کی اجازت ہے تاہم وارننگ زون اس لیے قائم کیا گیا ہے تاکہ جہازوں کو آگاہ کیا جا سکے کہ اس علاقے میں خطرناک فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔