اسرائیل جنسی تشدد بارے اقوام متحدہ کی رپورٹ کے بعد جوابدہی سے بچنے کی کوشش کر رہا: ایران
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل جنسی تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کے بعد جوابدہی سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ اسرائیل نے الزامات کا جواب دینے کے بجائے خود اقوام متحدہ کو ہی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا تنازعات کے دوران جنسی تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کی فہرست میں اپنے منسلک اداروں کی شمولیت پر جواب دینے کے بجائے اسرائیلی حکومت نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو سزا کا نشانہ بنایا، جو بین الاقوامی اداروں پر حملہ کر کے جوابدہی سے فرار اختیار کرنے کے خطرناک طرز عمل کی علامت ہے۔
کاظم غریب آبادی نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں علاقوں میں جنگ بندی معاہدوں کے باوجود حملے جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کے دوران جنسی تشدد، شہریوں کو نشانہ بنانا اور جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور بین الاقوامی ذمہ داری کے تحت قابل مواخذہ ہونی چاہئیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ قابض حکومت کو حاصل استثنیٰ کا خاتمہ ہونا چاہئے۔