برطانوی پارلیمان میں اسرائیلی اثر و رسوخ اور سیاست میں لابنگ سے متعلق خدشات پر بحث کا فیصلہ

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی پارلیمان میں اسرائیلی اثر و رسوخ اور برطانوی سیاست میں لابنگ سے متعلق خدشات پر بحث کی جائے گی کیونکہ عوامی درخواست مطلوبہ تعداد میں دستخط حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

ایک لاکھ سولہ ہزار سے زائد دستخط حاصل کرنے والی اس درخواست پر پارلیمان میں 22 جون کو بحث متوقع ہے، برطانوی قوانین کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ دستخط حاصل کرنے والی عوامی درخواستوں پر پارلیمانی غور لازم ہوتا ہے۔

مہم چلانے والوں کا مطالبہ ہے کہ برطانوی سیاست میں اسرائیلی ریاست سے منسلک اور اسرائیل نواز لابنگ سرگرمیوں اور ان کے سیاسی فیصلوں پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے غزہ میں ہولناک تباہی، مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مسلسل دباؤ اور برطانیہ کے سیاسی ردعمل کے تناظر میں یہ جانچنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے کہ اسرائیل نواز تنظیمیں، نیٹ ورکس اور لابنگ کی کوششیں حکومتی فیصلوں، جماعتی پالیسی اور عوامی مباحثے پر کس حد تک اثر انداز ہوتی ہیں۔

یہ بحث ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسرائیل نواز حمایتی گروہوں اور شخصیات سے منسلک سیاسی عطیات بھی تنقید اور جانچ پڑتال کی زد میں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی حکومت میں شامل کابینہ کے نصف سے زائد ارکان اسرائیل نواز لابنگ سے وابستہ شخصیات سے عطیات وصول کر چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں