امریکی صدر کی زیر صدارت اجلاس بے نتیجہ ختم، ایران جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ نہ ہوسکا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ کی زیر صدارت سچویشن روم میں اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے جنگ بندی میں توسیع کے معاہدے پر فیصلہ نہ کر سکے۔
خبر ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے اجلاس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس بے نتیجہ رہا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی قیادت میں وائٹ ہاؤس سچویشن روم میں 2 گھنٹے تک اہم اجلاس جاری رہا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران معاہدے پر ٹرمپ کا حتمی فیصلہ مؤخر ہوگیا اور اجلاس بے نتیجہ ختم کر دیا گیا، وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی سچویشن روم اجلاس ختم ہونے کی تصدیق کی گئی تاہم تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اس سے پہلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کااعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ جو جہاز آبنائے ہرمز میں ہماری شاندار اور بے مثال ناکہ بندی کی وجہ سے پھنس گئے تھے اب گھرواپسی کا عمل شروع کر سکتے ہیں، آبنائے ہرمز سے تمام آبی بارودی سرنگیں ختم کی جائیں گی۔