کراچی میں لینڈ مافیا کیخلاف بڑا آپریشن، ڈیڑھ ارب کی اراضی واگزار کرا لی گئی

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں لینڈ مافیا کے خلاف بڑا آپریشن، 1.42 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی۔

ایس پی ریلوے کی نگرانی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران 12 افراد کو حراست میں لیا گیا، کراچی سرکلر ریلوے الائنمنٹ، دیہ دوزان، ڈاؤ ہسپتال کے قریب اور کنگ کلاسک اپارٹمنٹس کے عقب میں واقع 2.72 ایکڑ قیمتی ریلوے اراضی کو واگزار کرا لیا گیا۔

آپریشن کر کے واگزار کرائی گئی ریلوے اراضی کی تخمینی مالیت 1 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، پاکستان ریلویز کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ اراضی کراچی سرکلر ریلوے کے مختص کوریڈور کا حصہ ہے۔

حکام کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین قانونی طور پر پاکستان ریلویز کی ملکیت ہے، واگزار کرائی گئی زمین پر شیخانی سکائی ٹاورز کے نام سے نجی منصوبے کی سرگرمیاں جاری تھیں، ریلوے اراضی پر غیر قانونی قبضہ قائم کیا گیا تھا۔

عدالت میں زیر سماعت مقدمہ نمبر 108/2026 میں 25 مئی 2026 کو سٹیٹس کو آرڈر میں توسیع نہ ہونے پر پاکستان ریلویز نے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ریلوے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے زمین کا قبضہ واپس حاصل کر لیا۔

ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق آپریشن کے دوران 12 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، ملک بھر میں ریلوے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کی مہم جاری ہے اور قومی اثاثوں پر غیر قانونی قبضے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

کراچی ڈویژن کی اس کارروائی کو ریلوے اراضی کے تحفظ اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری مہم کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، آپریشن کرکے قومی خزانے کے اربوں روپے مالیت کے اثاثے محفوظ بنائے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں