پاکستان کے تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ EO-3 کی چین میں لانچنگ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپارکو نے خلائی میدان میں تاریخی کامیابی کا اعلان کر دیا۔

پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ EO-3 کو چین میں لانچ کردیا گیا جو تائی یوان سیٹلائٹ سینٹر سے متعارف کرایا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار ہے، یہ ملک کی خود انحصاری اور تکنیکی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے،ای او تھری سیٹلائٹ جدید امیجنگ ڈیٹا فراہم کرے گا۔

 ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں میں انقلاب لانے میں بھی مدد ملے گی،ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد ثابت ہوگی۔

دوسری جانب سپارکو نے کہا کہ یہ قومی ترجیحات کے مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ سیٹلائٹ پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے مسلسل تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں