ٹک ٹاک کا نیا اے آئی میم ری مکسر فیچر متعارف

نیویارک: (ویب ڈیسک) ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کروا رہا ہے، جو صارفین کے کمنٹس کے تجربے کو نمایاں طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر "میم ری مکسر" کہلاتا ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی بھی ویڈیو کو اے آئی کی مدد سے ری مکس کر کے نئی تصاویر تیار کر سکیں گے، اس فیچر کے تحت ویڈیو میں موجود چہرہ، آواز یا پس منظر کو تبدیل کرنا ممکن ہوگا۔

اس فیچر کے ساتھ ایک نئی سیٹنگ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جو بذریعہ ڈیفالٹ آن ہوگی، اس کے فعال ہونے کی صورت میں دیگر صارفین کو اجازت ہوگی کہ وہ آپ کی ویڈیوز کو اے آئی کے ذریعے ری مکس کر سکیں، تاہم صارفین اسے بند بھی کر سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر اگر کوئی صارف کسی مقام کی ویڈیو پوسٹ کرتا ہے تو دیگر افراد اسی ویڈیو کو استعمال کرتے ہوئے اے آئی کے ذریعے نئی تصاویر بنا سکتے ہیں، جیسے کہ ویڈیو کے منظر کو کسی ساحل یا مختلف مقام میں تبدیل کرنا، یہ تصاویر اصل ویڈیو کے کمنٹس میں شیئر کی جا سکیں گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر کمنٹس میں تصاویر کے استعمال کو مزید دلچسپ بنائے گا، تاہم فی الحال یہ فیچر تجرباتی مرحلے میں ہے اور تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں ٹک ٹاک نے متعدد اے آئی فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن میں اس کا اے آئی سسٹنٹ بھی شامل ہے، میم ری مکسر کو مستقبل میں مزید بہتر بنایا جائے گا، تاہم اس کی باضابطہ ریلیز کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں