جی 20 سربراہی اجلاس میں روس کو اعلیٰ سطح پر شرکت کی دعوت
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کو امریکا میں ہونے والے آئندہ جی 20 سربراہی اجلاس میں اعلیٰ سطح پر شرکت کی باضابطہ دعوت موصول ہو گئی ہے، یہ اجلاس 14 اور 15 دسمبر کو امریکی شہر میامی میں ہوگا۔
روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر پانکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ روس کو اعلیٰ سطح پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ اس اجلاس میں روس کی نمائندگی کون کرے گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ اجلاس کی تاریخ کے قریب کیا جائے گا۔
امریکی حکام کے مطابق اپنی صدارت کے دوران جی 20 اجلاس میں معاشی ترقی کے فروغ، مالیاتی نظام کی جدیدکاری، قرضوں میں شفافیت، ڈیجیٹل اثاثوں کی ترقی، ادائیگیوں میں دھوکہ دہی کی روک تھام اور مالیاتی شعور کے فروغ جیسے امور کو ترجیح دی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق اس دعوت کو عالمی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سیاسی و معاشی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔