گرمی بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں اضافہ، لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

لاہور: (دنیا نیوز) گرمی میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی طلب بڑھنے لگی جس سے سسٹم پر لوڈ بھی بڑھ گیا۔

شدید گرمی میں صوبائی دارالحکومت میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سے 3 اور دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی، جبکہ ٹرانسفارمر کے جلنے سمیت دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی ہے۔

شام 5 بجے تا رات 12 بجے بجلی کی اوسط طلب 3787 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3053 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی، اسی دورانیے میں شارٹ فال 682 میگاواٹ رہا۔

ترجمان لیسکو کے مطابق انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہی ہے، کمرشل اور انڈسٹریل ڈومینیٹڈ فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی، شہری علاقوں میں 1 گھنٹہ 30 منٹ لوڈشیڈنگ کی گئی۔

لیسکو حکاکم کا کہنا ہے کہ رات 12 بجے تا صبح 5 بجے طلب 3510 میگاواٹ اور فراہمی 2824 میگاواٹ رہی، اس دوران شارٹ فال کم ہو کر 607 میگاواٹ رہا،انڈیپنڈنٹ انڈسٹری، کمرشل اور انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔

ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ جیسے سپلائی میں بہتری آئے گی لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ مزید کم کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں