پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی کی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا

سری نگر: (دنیا نیوز) پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی نے بھارتی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔

مودی راج میں فرقہ وارانہ فسادات نے بھارت کو اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کیلئے غیر محفوظ ملک ثابت کر دیا۔

پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت میں مسلمانوں کیخلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، مودی کے زیر اثر گودی میڈیا مسلمانوں کو ملک دشمن قرار دے کر زہریلا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہے، جبکہ پہلگام فالس فلیگ کے بعد ہندو توا مہم کے تحت اقلیتوں کی عبادت گاہوں بالخصوص مسلمانوں کی مساجد اور دکانوں کو بے دردی سے مسمار کیا گیا۔

علاوہ ازیں، پہلگام کی آڑ میں مودی کے فاشسٹ نظریہ کے تحت پلوامہ اور کلگام جیسے مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں نہتے مسلمانوں کے گھروں کو زمیں بوس کر دیا گیا اور بھارت میں مسلمانوں کیخلاف پُرتشدد حملوں، جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق مذموم سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشنز بی جے پی کا وطیرہ ہیں، جبکہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں مسلم مخالف رجحان میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، دہائیوں سے امتیازی سلوک کے شکار بھارتی مسلمانوں کی زندگی بی جے پی حکومت میں مزید بدتر ہو گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں