چوہدری شافع حسین کا دورہ سیالکوٹ، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن سمٹ کا افتتاح کیا

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ اور سرجیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن سمٹ 2026 کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔

دورے کے دوران صوبائی وزیر نے صنعتی نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں مربوط پروگرام کے تحت صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور گزشتہ دو برسوں میں اس حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، ان کے مطابق صوبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور بیرونی سرمایہ کار پنجاب کو ترجیح دے رہے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ پنجاب کے 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک بڑا پروگرام اسی سال شروع کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی قائم کی جا رہی ہیں۔

سیالکوٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں موجود انڈسٹریل اسٹیٹ مکمل طور پر آباد ہو چکی ہے، جس کے باعث نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے جلد زمین کی نشاندہی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سیالکوٹ سے آلاتِ جراحی یورپ، امریکہ اور دیگر ممالک کو برآمد کیے جا رہے ہیں، اور شہر میں سرجیکل سٹی کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی آبادکاری کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

آخر میں انہوں نے صنعتی نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ آئندہ سال اس نمائش کو ایک دن کے بجائے دو روزہ کیا جائے۔

اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر سید احتشام مظہر، سرجیکل ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذیشان طارق اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں