وزیراعظم کی ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں الیکٹرک وہیکلز (EV) کے فروغ کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے، موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر EV گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کیلئے بھی نہایت اہم ہے۔

انہوں نے قومی ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی سبسڈی میں شفافیت یقینی بنانے اور اس سکیم کے نفاذ کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات جاری ہیں، الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کیلئے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفیکیٹ جاری کئے جا چکے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ ای وی چارجنگ سٹیشنز کے قیام کیلئے اب تک 123 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، آئندہ پانچ برسوں میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے اندازاً 4.5 ارب ڈالر تک ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی سکیم پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، اویس خان لغاری، احسن اقبال، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں