تازہ اسپیشل فیچر

گداگری کی سخت ممانعت

لاہور: (صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی) اسلام ایک جامع اور مکمل دین حق ہے جو اپنے ماننے والوں کی زندگی کے ہر شعبہ میں مکمل رہنمائی کرتا ہے، اسلام نے گداگری کو سختی سے منع فرمایا ہے اور اس لعنت کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے ایک بڑا واضح اصول قائم کر دیا ہے۔

یہی وجہ تھی کہ حضور رحمت دوعالمﷺ نے مجبوری کی حالت کے علاوہ سوال کرنے کو نہایت برا جانا ہے آپﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جو شخص ایک وقت کی خوراک موجود ہونے پر کسی سے سوال کرے وہ اپنے لئے آتش جہنم طلب کرتا ہے، ایک اور جگہ اللہ کے محبوبﷺ فرماتے ہیں کہ جس نے اللہ کے نام پر سوال کیا (اسم اللہ کو استعمال کیا) وہ ملعون ہے گویا اسلام نے مانگنے گداگری کو بہت مذموم عمل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ لوگ اس سے گریز کریں۔

حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ سے روایت ہے کہ آپﷺ نے ہم سے بیعت لی کہ خدا کی عبادت کرو اس کے ساتھ کسی کو شریک مت ٹھہراؤ اوراحکام الہٰی بجا لاؤ پھر آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ لوگوں سے کچھ نہ مانگو آپﷺ نے پھر فرمایا کہ اگر تم جانو کہ سوال کرنے کے کیا نتائج ہیں تو کوئی شخص سوال کرنے کیلئے دوسرے شخص کی طرف رخ نہ کرے، اسلام نے یہ ممانعت اور تاکید اس لئے کی ہے کہ اسلام ہمارے ظاہر و باطن کی اصلاح اور تزکیہ روح پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور یہ چاہتا ہے کہ معاشرے کا ہر فرد متحرک اور فعال کردار ادا کرے۔

گداگری کے معاشرتی نقصانات بھی بہت ہیں، اسے ذریعہ معاش بنانے سے اقتصادی شرح نمو کمزور ہوتی ہے اور ترقی کا عمل سست پڑتا ہے، اسلامی اقتصادیات کا زریں اصول یہ ہے کہ دولت چند ہاتھوں میں نہ رہے، اسلام نے ہر طرح سے جمع کئے جانے والے مال اور دولت کے ارتکاز اور اسے منجمند کرنے کی سختی سے ممانعت کی ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے جس دن یہ سونا چاندی جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا پھر اس سے ان کی پیشانیاں اور ان کے پہلو اور ان کی پشتیں داغی جائیں گی کہ یہ ہے وہ جو تم جمع کرتے تھے۔

جس قوم یا معاشرے میں گداگروں کی کثرت ہوتی ہے وہاں دولت کی گردش چند لوگوں تک محدود ہونے کی وجہ سے ترقی اور خوشحالی کا عمل بہت سست پڑجاتا ہے، گداگری کے ذریعے منجمند ہونے والی رقم اس جوہڑ کی مانند ہے جو تعفن اور آلودگی کی وجہ سے کسی کام نہیں آ سکتا، البتہ پانی کی روانی ہر جاندار کیلئے جاں فزااور نفع بخش ہے۔

اس سے ثابت ہوا کہ وہ روپیہ جس کا معیشت میں کوئی کردار نہ ہو وہ بے کار ہے اس حوالے سے گداگری ملکی معیشت کیلئے سم قاتل کا درجہ رکھتی ہے، امام غزالیؒ روپے کے ارتکاز اور اسے منجمند کرنے کے حوالے سے کہتے ہیں کہ جب روپیہ بازار سے غائب ہونا شروع ہوگا تو صنعتی ترقی رک جائے گی، تجارتی سرگرمیاں ختم ہو جائیں گی اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں وہ اتار چڑھاؤ شروع ہوگا جس سے سارا اقتصادی نظام درہم برہم ہو جائے گا۔

قرآن کریم میں اللہ کا ارشاد ہے برائی ہو اس کی جو مال کو گن گن کر اور جمع کر کے رکھتا ہو اور یہ سمجھتا ہو کہ اس کا مال اس کے ساتھ ہمیشہ رہے گا ہرگز نہیں مال کو جمع کرنے سے متعلق مسلم شریف کی ایک روایت ہے کہ حضرت اسماء بنت ابوبکرؓ فرماتی ہیں کہ مجھ سے حضور اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا خرچ کرو اور گن گن کے مت رکھو ورنہ اللہ تمہیں گن گن کر دے گا اور جمع مت کرو ورنہ اللہ تمہارے معاملات جمع کر کے رکھے گا۔

گداگری میں جہاں ایک طرف ارتکاز کا عمل فروغ پاتا ہے تو دوسری طرف مفلسوں کو کاہلی کی ترغیب ہوتی ہے، وہ لوگ جو کسب حلال کی طرف متوجہ ہوتے اور ترقی و خوش حالی کو پاتے اسی وجہ سے وہ زندگی کی حقیقی لذتوں سے محروم رہ جاتے ہیں، وہ زندگی کی امنگ، آگے بڑھنے کا جذبہ، مثبت رجحانات اور فکر و شعور کی خوبی سے محروم ہو جاتے ہیں، اس عمل سے خوابیدہ جذبوں کی آبیاری اور زندگی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت دم توڑ دیتی ہے۔

گداگری کے معاشرے پر بڑے مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں بے چینی اور اضطراب بڑھتا ہے انفرادی سطح پر وہ شخص جو بھیک مانگتا ہے سب سے بڑا نقصان اسی کو پہنچتا ہے وہ چند ٹکوں کے عوض اپنی انا، خوداری،اور غیرت کا جنازہ نکال دیتا ہے وہ تحقیر اور تضحیک کا نشانہ بنتا ہے، حدیث میں آتا ہے کہ بھکاری قیامت کے دن اس طرح آئے گا کہ اس کے چہرے پر گوشت کا ٹکڑا نہیں ہوگا، ایک اور حدیث میں ہے کہ وہ اللہ کی رحمت اور فضل سے محروم ہو جاتا ہے۔

غربت، جہالت اور کاہلی کے باعث فروغ پانے والا یہ عمل ایک طرف اخلاقی بگاڑ کا سبب بنتا ہے اور دوسری طرف اس سے جرائم اور تشدد میں اضافہ ہوتا ہے، بدامنی اور طبقاتی کشمکش بڑھتی ہے، گداگر جھوٹ بول کر ہمدردی سمیٹنا چاہتا ہے اور معاشرے سے جھوٹ سے بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور اخلاقی سطح پر بھی انسان تقدیر، توکل، تقویٰ کی روح کو نہیں سمجھ سکتا۔

دوسری طرف صبر و شکر سے محروم ہو کر وہ اپنی تباہی کا سامان کرتا ہے، اسی طرح رزق حلال کے بارے میں ایک حدیث میں آیا ہے جو شخص اپنے اوپر سوال کا ایک دروازہ کھولتا ہے، حق تعالیٰ اس پر ستر دروازے محتاجی، مفلسی اور قلاشی کے کھول دیتا ہے، پھر حدیث میں آیا ہے کہ حلال کمائی سے اپنے اہل وعیال کی کفالت کرنا راہ دین میں جہاد کرنے کے مثل اور بہت سی عبادات میں افضل درجہ رکھتا ہے۔

قرآن پاک میں کسب معاش کو اللہ کا فضل قرار دیا گیا ہے، آقائے دوعالمﷺ نے محنتی کو اللہ کا دوست بتایا ہے، ایک جگہ اور فرمایا جنت اس شخص پرواجب ہو جاتی ہے جو اپنی محنت مزدوری پر قائم رہتا ہے اور مشقت کی ذلت برداشت کرتا ہے، اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے، اللہ ہمیں رزق حلال کمانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے معاشرے کو گداگری جیسی لعنت سے پاک فرماکر ہم سب کو خوشحالی عطا فرمائے۔ آمین

صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی ترجمان جماعت اہلسنت پاکستان صوبہ پنجاب، خطیب جامعہ الطافیہ سلطان الذاکرین ہیں، 27 سال سے مختلف جرائد کیلئے لکھ رہے ہیں۔