پاکستانی کمپنی سپرنیٹ گلوبل کا افریقہ میں سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی منصوبہ کامیابی سے شروع
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی آئی ٹی اور ٹیلی کام کمپنیوں کی عالمی سطح پر توسیع کے ساتھ ڈیجیٹل سروسز اور سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں معروف پاکستانی کمپنی سپرنیٹ گلوبل نے افریقہ میں سیٹلائٹ بیسڈ کنیکٹیویٹی سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
کمپنی نے تنزانیہ میں اپنا پہلا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے جہاں سیٹلائٹ کے ذریعے ہائی کیپیسٹی انٹرنیٹ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، اس پیشرفت سے کم ڈیجیٹل انفراسٹرکچر رکھنے والے علاقوں میں تیز رفتار اور فوری تعیناتی کے ساتھ مؤثر کنیکٹیویٹی ممکن ہوگئی ہے۔
سپرنیٹ گلوبل نے افریقہ میں آئی سی ٹی انفراسٹرکچر، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل سروسز کے شعبوں میں مزید توسیع کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے، جس سے خطے میں ڈیجیٹل ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق سپرنیٹ گلوبل کی عالمی توسیع پاکستان کی آئی ٹی برآمدات، زرمبادلہ آمدن اور بین الاقوامی ساکھ میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، جبکہ پاکستانی آئی ٹی سیکٹر کی یہ پیشرفت ڈیجیٹل برآمدات، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی میں ملک کے ابھرتے کردار کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔