این ڈی ایم اے کی سرچ اینڈ ریسکیو سے متعلق پہلی جامع فرضی مشق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سرچ اینڈ ریسکیو سے متعلق پہلی جامع فرضی مشق کا انعقاد کیا۔
این ای او سی، این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ممکنہ خطرات اور آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط نظام کے لیے مشق کا انعقاد کامیاب رہا، مشق کا مقصد سرچ اینڈ ریسکیو وسائل کے مرکزی اور مربوط نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے
این ڈی ایم اے کی مشق مون سون کے ممکنہ خطرات، خصوصاً سیلابی صورتحال کے تناظر میں منعقد کی گئی، این ای او سی جدید موسمی پیشگوئی، سیٹلائٹ ڈیٹا اور بروقت وارننگ کے ذریعے پیشگی اقدامات یقینی بنا رہا ہے۔
آئی این ایس اے آر فریم ورک کے تحت منعقدہ مشق میں تمام متعلقہ اداروں اور رضاکاروں نے شرکت کی، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، مسلح افواج اور وفاقی و صوبائی اداروں نے مشق میں حصہ لیا۔
مشق میں گلیشیائی جھیل کے پھٹنے، سیلاب اور زلزلے کے بیک وقت منظرنامے شامل ہیں، گلگت بلتستان میں GLOF، مختلف علاقوں میں سیلاب اور اسلام آباد و مظفرآباد میں زلزلے کی مشق کی گئی۔
اس موقع پر اداروں کی تیاری، رابطہ کاری اور بروقت ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، مؤثر رابطہ کاری، بروقت معلومات کے تبادلے اور یکساں کمانڈ سسٹم پر زور دیا گیا، علاقائی سطح پر رضاکاروں کے کردار کو آفات سے نمٹنے میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مشق کے دوران عوام تک بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ریسپانس سسٹم میں موجود خلا دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
قدرتی آفات سے ممکنہ نقصانات کم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر نظام ناگزیر قرار دیا گیا، این ای او سی کی جانب سے بروقت وارننگ اور خطرات کے تعین کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا
این ڈی ایم اے ایسی مشقوں کو قومی حکمت عملی کا مستقل حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے، این ای او سی کو ارلی وارننگ اور رسک کمیونیکیشن کے قومی مرکز کے طور پر مزید مضبوط کیا جائے گا۔
این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) ملک بھر کے لیے موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کی پیشگی آگاہی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔