پنجاب بھر میں سکیورٹی کمپنیز اور گارڈز کی رجسٹریشن کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کمپنیز اور گارڈز کی رجسٹریشن کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق نئے نظام کو سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ تمام سکیورٹی کمپنیز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیفٹی ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔

اس سسٹم کے تحت سکیورٹی گارڈز کی اہلیت، ذاتی کوائف اور دیگر معلومات اب سیف سٹی کے مرکزی ڈیٹا بیس کا حصہ ہوں گی، جبکہ پولیس ان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی اسی پلیٹ فارم پر شامل کرے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور نگرانی کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام سے صوبے میں سکیورٹی کو مزید مضبوط اور شفاف بنایا جا سکے گا۔

محکمہ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ سکیورٹی کمپنیز اور گارڈز کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ مکمل ڈیٹا شیئرنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں