سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 71 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 71 ہزار پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوگیا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 3600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 71 ہزار 519 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 844 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

اسی طرح ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں 3 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.86 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 0.57 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں بھی 0.44 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب انٹر بینک میں امریکی کرنسی 2 پیسے سستی ہوئی، ڈالر 278.52 روپے سے کم ہو کر 278.50 روپے پر آگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں