ملک سے پولیو مکمل خاتمہ کیلئے پُرعزم ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں انسداد پولیو ٹیم کی بھرپور کوششوں کی تعریف کی، اجلاس کو انسداد پولیو اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ سال 2026 میں اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا ہے، 2024 میں پولیو کے 74 کیسز اور 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا ، بلوچستان ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے اس سال اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثرہ تھے جن کی تعداد سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی، نیشنل ہاؤس ہولڈ کوریج تمام انسداد پولیو مہمات میں 98 فیصد رہی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی اور انسداد پولیو مہم کی وجہ سے پولیو ویکسین کے قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کی مقامی پھیلاؤ میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں مارچ کے مہینے میں 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا جو کہ ایک اچھی پیشرفت ہے، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025 سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

ضلع بنوں میں پولیو سے زیادہ متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی، وفاق اور صوبائی سطحوں پر ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔

شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کو انسداد پولیو سے جوڑنے اور مشروط کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں