سندھ حکومت کا ریڈ لائن منصوبہ پر کام تیز کرنے کا اعلان
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ریڈلائن منصوبے پر کام تیز کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن واحد منصوبہ ہے، جس سے عوام کو تکلیف ہو رہی ہے، تاہم حکومت اسے جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے پر کام تسلی بخش انداز میں نہیں ہو رہا تھا، جس کے باعث حکومت نے متعلقہ کنٹریکٹ ختم کر دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اس اہم کوریڈور کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں منصوبے پر کام دوبارہ شروع کر دیا جائے۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہ بھٹو پر کام کی پیش رفت اطمینان بخش ہے اور اسے آئندہ ماہ مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔