امریکی بحریہ کے سیکرٹری کے اچانک استعفے نے کئی سوالات کو جنم دے دیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایران کے ساتھ جاری اہم اور حساس بحری آپریشن کے دوران امریکی بحریہ کے سیکرٹری جان سی فیلن کے پینٹاگون سے اچانک علیحدگی کے اعلان کو ایک غیر متوقع اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی نے واشنگٹن سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحریہ بیرون ملک اہم فوجی کارروائیوں میں مصروف ہے جن میں ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی بھی شامل بتائی جا رہی ہے۔
یہ فیصلہ اس لیے بھی حیران کن ہے کہ بحریہ کی قیادت اس وقت تبدیل کی جا رہی ہے جب خطے میں کشیدگی اور عسکری سرگرمیاں جاری ہیں، جان سی فیلن کی جگہ اب بحریہ کے انڈر سیکرٹری ہنگ کاؤ کو قائم مقام سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
مبصرین کے مطابق ہنگ کاؤ کو ایک قابل اعتماد انتخاب سمجھا جا رہا ہے کیونکہ وہ 30 سال تک امریکی بحریہ میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا فوجی خدمات کا پس منظر نہیں تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس سطح کی قیادت میں تبدیلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی بحریہ عالمی سطح پر ایک نہایت اہم اور حساس آپریشن میں مصروف ہے، جس کے باعث اس فیصلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔