امریکا کی ایران کی جگہ اٹلی کو فٹبال ورلڈ کپ میں شامل کرنے کی تجویز
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ٹرمپ کے خصوصی نمائندے نے ایران کی جگہ اٹلی کو فٹبال ورلڈ کپ میں شامل کرنے کی تجویز دیدی۔
خصوصی نمائندے نے یہ تجویز فیفا کے صدر اور ٹرمپ کو دی، منصوبہ ٹرمپ اور اٹلی کی وزیراعظم کے تعلقات میں بہتری کی کوشش ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے رواں سال امریکا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کردی تھی، ایرانی وزارت کھیل نے کہا تھا کہ ایرانی ٹیم امریکا میں رواں سال ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے تیار ہے۔
ایرانی حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا تھا کہ ایونٹ میں شرکت کے لئے ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں، اس سے پہلے فیفا کے صدر بھی کہہ چکے ہیں کہ ورلڈ کپ میں ایرانی ٹیم شرکت کرے گی۔
خیال رہے کہ ایران نے فیفا ورلڈکپ 2026ء کے لئے کوالیفائی کیا ہوا ہے، یہ ورلڈکپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے شروع ہوگا۔
ایران کے تمام میچز امریکا میں شیڈول ہیں اور ایران کو پہلا گروپ میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے، پھر 21 جون کو اس کا مقابلہ بیلجیئم اور 27 جون کو مصر سے ہوگا۔
گزشتہ دنوں ایرانی فٹبال فیڈریشن نے کہا تھا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے باعث اپنے میچزکو میکسیکو منتقل کرنے کے لئے فیفا سے مذاکرات کر رہی ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران فٹبال ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت حوالے سے کہا تھا کہ ان حالات میں ایران کا امریکا میں ورلڈ کپ کھیلنا مناسب نہیں ہوگا جب کہ ایران نے اس پر ردعمل میں کہا تھا کہ کوئی بھی ایران کی قومی ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر نہیں کر سکتا۔
ایران کے سپورٹس منسٹر نے بھی کھلاڑیوں کو گزشتہ ہفتے مخالف سوچ رکھنے والے ممالک کے سفر سے منع کیا تھا۔
بعد ازاں پہلے جنگ کے دوران ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فٹبال ورلڈکپ کیلئے ایرانی ٹیم کو خوش آمدید کہا جائے گا۔