صدر پوتن اور بحرین کے شاہ کا ٹیلیفونک رابطہ، ایران بحران کے جلد سیاسی حل پر زور

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ایران سے متعلق جاری بحران کے جلد سیاسی اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، ایران بحران اور خطے کی سیکیورٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کریملن کے بیان کے مطابق صدر پوتن اور بحرین کے شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران سے متعلق بحران کا حل سیاسی اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے جبکہ خطے کے تمام ممالک کے مفادات کا مکمل احترام بھی یقینی بنایا جائے۔

روسی اور بحرینی قیادت نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے روس اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

کریملن کے مطابق تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، مالیات، ثقافت اور انسانی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں