لبنانی وزیرِاعظم کی صحافی امل خلیل کے قتل کی شدید مذمت، جنگی جرم قرار دیدیا

بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کے وزیرِاعظم نواف سلام نے صحافی امل خلیل کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے واضح جنگی جرم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں کو متاثرہ مقام تک پہنچنے سے روکنا بھی اسی جرم کا حصہ ہے، انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان میں صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے نشانہ بنانا اب الگ الگ واقعات کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔

نواف سلام نے کہا کہ یہ ایک باقاعدہ اور ثابت شدہ طرز عمل ہے جس کی لبنان اور عالمی قوانین و اصولوں کے تحت مذمت کی جاتی ہے، لبنانی وزیرِاعظم نے کہا کہ لبنان ان جرائم کو بین الاقوامی عدالتوں میں اٹھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

انسانی حقوق کے کارکنان نے لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روم سٹیچوٹس میں شمولیت اختیار کرے اور اسرائیلی مبینہ خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں پیش کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں