واٹس ایپ ہیکنگ فراڈ میں اضافہ، محکمہ داخلہ کی ہنگامی ایڈوائزری جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی۔

ایڈوائزری کے مطابق پنجاب کے انتظامی محکموں، پولیس حکام اور فیلڈ فارمیشنز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں حاضر سروس سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

حکام کے مطابق سائبر مجرم ان اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کر کے متعلقہ افسران کے رابطوں کو جعلی پیغامات بھیجتے ہیں، جن میں اکثر ہنگامی مالی مدد کی درخواست کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو دھوکہ دے کر رقم ہتھیائی جا سکے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فراڈیے عوامی طور پر دستیاب معلومات جیسے نام، عہدہ اور تصاویر استعمال کر کے جعلی اور قابلِ یقین ڈیجیٹل شناخت تیار کرتے ہیں، جس کے باعث ایسے فراڈ میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی اقدامات سخت کریں، مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی پیغام یا درخواست کی تصدیق کے بغیر عمل نہ کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں