ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے معاملے پر وقت کی کوئی قید نہیں: ٹرمپ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے معاملے پر وقت کی کوئی قید نہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ وہ تنازع کے خاتمے کے لیے کسی عجلت میں نہیں اور وہ ایک بہترین معاہدہ چاہتے ہیں۔
قبل ازیں ٹرمپ نے کہا کہ فوج کو ہدایت دی ہے کہ ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق جنگ بندی کو اس وقت تک بڑھایا جا رہا ہے جب تک ایران اپنی تجاویز پیش نہیں کر دیتا، انہوں نے اس پیش رفت کو ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر جمعہ کو ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ جنگ بندی کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی۔
لیویٹ نے جنگ بندی میں تین سے پانچ دن کی توسیع سے متعلق خبروں کو غلط قرار دیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی وہ بحری ناکہ بندی سے مطمئن ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ایران اس وقت بہت کمزور پوزیشن میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت کی جانب سے مختلف نوعیت کے بیانات سامنے آ رہے ہیں، جنہیں انہوں نے عوامی سطح پر بے معنی باتیں قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک متفقہ ردِعمل اور جواب کے منتظر ہیں۔