گلگت بلتستان انتخابات 2026: چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس

گلگت بلتستان: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کی زیر صدارت اہم آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،

گلگت بلتستان میں 25 سال بعد بلدیاتی انتخابات 14 جون 2026 کو پولنگ ہوگی، چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی مہم میں پینا فلیکس اور غیر ضروری تشہیری مواد پر مکمل پابندی عائد ہو گئی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 1989 ممبران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، انتخابات کے لیے 164 یونین کونسلز، 10 ڈسٹرکٹ کونسلز اور 3 میونسپل کارپوریشنز قائم کی گئی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں 3048 پولنگ سٹیشنز قائم ہوں گے، 13 ہزار اہلکار فرائض انجام دیں گے، سرکاری ملازمین کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے انتخابی عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں