سب حکومتوں کو دیکھ لیا کوئی کام نہیں کرتیں: حافظ نعیم الرحمان

لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سب حکومتوں کو دیکھ لیا کوئی کام نہیں کرتیں۔

صوبائی دارالحکومت میں ممبر شپ مہم کے آغاز پر دعوتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آج سے پورے پاکستان میں ممبر شپ ڈرائیو شروع ہو رہی ہے، پورے ملک میں پچاس لاکھ ممبر بنائے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان گھر گھر جا کر لوگوں سے رابطے کریں گے، کسانوں کا حق مارا جارہا ہے اُن سے بھی رابطے کریں گے ، تین ہزار سے زائد کسانوں کو ان کی رقم نہیں مل رہی اور مڈل مین کی وجہ سے کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کے اشتہارات پر خرچ کر رہی جب کہ گڈ گورننس پر کام نہیں کر رہی ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،بچوں سے کام لیا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ظلم کا نظام ہے، آئی ٹی فیلڈ میں کوئی کام نہیں کیا بس لیپ ٹاپ بانٹ رہے ہیں، پاکستان میں بجلی پیداوار کے ذرائع پیدا نہیں کیے جا رہے، آئی پی پپز بجلی فراہم کیے بغیر پیسے وصول کر رہے ہیں جب کہ بنیادی ضروریات عوام کو نہیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سب حکومتوں کو دیکھ لیا کوئی کام نہیں کرتیں، بس جاگیرداری نظام کو بڑھایا جا رہا ہے، بڑے بڑے سیاستدان، لوگ اپنے ٹیکس معاف کروا لیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں