سائرہ یوسف کے مثبت اور باوقار رویے نے مداحوں کے دل جیت لیے

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئیں، تاہم اس بار وجہ ان کا نیا پراجیکٹ نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی میں اپنایا گیا مثبت اور باوقار رویہ ہے۔

سائرہ یوسف، جو اپنے منفرد انداز، باوقار شخصیت اور معیاری اداکاری کے باعث مداحوں میں مقبول ہیں، حال ہی میں اپنی سالگرہ کی تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئیں۔

اداکارہ نے اپنی 38وی سالگرہ گھر پر قریبی اہلخانہ کے ہمراہ منائی، جہاں ان کی بیٹی نورے شہروز کے ساتھ ساتھ سابق شوہر شہروز سبزواری اور اداکارہ صدف کنول کی بیٹی زہرہ بھی موجود تھیں۔

سائرہ یوسف نے اس موقع پر اہلخانہ کے ساتھ خوشگوار لمحات انسٹاگرام پر شیئر کیے، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ خاص طور پر زہرہ کے ساتھ ان کے محبت بھرے اور شفقت آمیز رویے نے صارفین کے دل جیت لیے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے سائرہ یوسف کے طرزِ عمل کو شریک والدین (Co-Parenting) کی ایک مثبت مثال قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ کئی مداحوں نے انہیں بردباری، وسعتِ قلب اور جذباتی پختگی کی علامت قرار دیا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ سائرہ یوسف نے ایسے معاشرے میں، جہاں بلینڈڈ فیملی اور شریک والدین کے تصورات کو اکثر تنقید کا سامنا رہتا ہے، ایک خوبصورت اور متاثرکن مثال قائم کی ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والا ردعمل اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ ذاتی تعلقات میں احترام، محبت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ عوام میں کس قدر پذیرائی حاصل کرتا ہے، جبکہ سائرہ یوسف نے ایک بار پھر اپنی شخصیت کے مثبت پہلوؤں سے مداحوں کو متاثر کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں