ٹائٹینک کے زندہ بچنے والے شخص کی لائف جیکٹ پونے 7 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام

لندن: (ویب ڈیسک) تاریخی بحری جہاز ٹائٹینک کے ڈوبنے کے دوران زندہ بچ جانے والے ایک شخص کی پہنی ہوئی لائف جیکٹ نیلامی میں حیران کن چھ لاکھ 70 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہو گئی۔

یہ جیکٹ فرسٹ کلاس مسافر لورا میبل فرانکاٹیلی نے لائف بوٹ نمبر ایک میں استعمال کی تھی، اس پر دیگر آٹھ زندہ بچ جانے والوں کے دستخط بھی موجود ہیں، جن میں فائر مین چارلس ہینڈرکسن، جارج ٹیلر اور ایبل سی مین جیمز ہورسول شامل ہیں۔

اسی نیلامی میں ایک امیر تاجر کی گھڑی، جو جہاز ڈوبنے کے دوران مارا گیا تھا، ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوئی جبکہ ایک لائف بوٹ کا سیٹ کشن، جس پر اصل وائٹ سٹار برجی پلیٹ لگی ہوئی تھی تین لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ میں بکا۔

یہ کشن امریکہ میں ٹینیسی کے شہر پیجن فورج اور مسوری کے شہر برینسن میں قائم ٹائٹینک میوزیم اٹریکشن نے خریدا، جہاں اسے نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

ولٹ شائر کے علاقے ڈیویزیز میں ہینری الریڈج اینڈ سن میں ہونے والی نیلامی میں مجموعی طور پر 344 اشیا پیش کی گئیں اور حتمی قیمتوں میں خریدار کا پریمیم بھی شامل تھا، ان میں سے تقریباً 15 اشیا خود ٹائٹینک سے منسلک تھیں جبکہ آدھی اشیا اس کے وسیع تر تاریخی پس منظر سے متعلق تھیں۔

نیلام گھر کے ایم ڈی اینڈریو آلڈرج نے بتایا کہ میرا خیال ہے کہ یہ ریکارڈ توڑ قیمتیں نہ صرف ٹائٹینک کی کہانی بلکہ اس کے مسافروں اور عملے میں جاری دلچسپی کی عکاسی کرتی ہیں، ان یادگاری اشیا کے ذریعے ان کی یادیں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئی ہیں۔

لائف جیکٹ کے ساتھ ایک اخباری تصویر بھی شامل تھی جس میں لائف بوٹ نمبر ایک کے وہ افراد دکھائے گئے جو اپریل، 1912 میں جہاز کے ڈوبنے کے بعد زندہ بچ گئے تھے، اس سانحے میں 1500 افراد مارے گئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں