نواب شاہ: پولیس حراست میں جاں بحق ارشد بھٹی کے قتل کا مقدمہ پولیس افسران کیخلاف درج
نواب شاہ: (دنیا نیوز) پولیس کی غیر قانونی تحویل میں جاں بحق ہونے والے ارشد بھٹی کے قتل کا مقدمہ پولیس افسران کے خلاف درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول ارشد بھٹی کے والد حاکم بھٹی کی مدعیت میں نواب شاہ ایف آئی اے آفس میں مقدمہ درج ہوا، جس میں ایس ایچ او شہداد پور عمران چانڈیو، ایس ایچ او نواب شاہ اصغر شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں شہداد پور اور نواب شاہ کے تفتیشی افسران رمضان بھٹی اور عبدالستار کو بھی نامزد کیا ہے، ارشد بھٹی بہیمانہ تشدد کے بعد پولیس کی حراست میں جاں بحق ہو گیا تھا۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پانچوں پولیس افسران کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیا تھا، ارشد بھٹی کے ورثاء نے 2 دن سے لاش سمیت قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پریس کلب کے باہر دھرنا دیا ہوا تھا۔