واٹس ایپ کا بڑا فیصلہ، پرانے اینڈرائیڈ فونز پر سپورٹ ختم کرنے کا اعلان
نیویارک: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ کے پرانے ورژنز پر اپنی سروس ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
میٹا کے ذیلی پلیٹ فارم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 8 ستمبر 2026 سے وہ تمام ڈیوائسز جن میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 آپریٹنگ سسٹم چل رہا ہے، ان پر واٹس ایپ کام کرنا بند کر دے گا، ایپ کے استعمال کے لیے کم از کم اینڈرائیڈ 6.0 ورژن لازمی قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کا مقصد صارفین کو بروقت اپنے موبائل فونز اپڈیٹ کرنے یا اپنی چیٹس کا بیک اپ بنانے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ڈیٹا ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق ستمبر 2026 کے بعد واٹس ایپ صرف اینڈرائیڈ 6.0 یا اس سے جدید ورژنز پر ہی دستیاب ہوگا، جبکہ پرانے سسٹمز مکمل طور پر سپورٹ سے باہر ہو جائیں گے۔
رپورٹ میں ایک الرٹ سکرین شاٹ بھی سامنے آیا ہے جس میں صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس سال کے آخر میں واٹس ایپ اس ڈیوائس پر کام نہیں کرے گا۔
مزید برآں، ٹیک پلیٹ فارم بی بوم کے مطابق جو صارفین پرانا اینڈرائیڈ ورژن استعمال کرتے رہیں گے، وہ 8 ستمبر کے بعد نہ تو پیغامات بھیج سکیں گے اور نہ ہی وصول کر پائیں گے۔