پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان میں میکرو استحکام ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان یورپی یونین بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی شعبے میں اسٹرکچرل اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی 4 فیصد تک رہنے کی اُمید ہے، مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب ڈالر سے زائد سرپلس رہا، ہماری ترسیلات مارچ میں 3.8 ارب ڈالر رہیں، روشن ڈیجیٹل سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے، مارچ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 260 ملین ڈالر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں پاکستان نے بھاری بیرونی ادائیگیاں کیں، 75 کروڑ ڈالرز کا یورو بانڈ جاری کیا، مئی کے وسط میں 25 کروڑ ڈالرز کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کا پلان ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ جون کے آخر تک زرمبادلہ ذخائر 18 ارب ڈالرز ہو جائیں گے، زرمبادلہ ذخائر 3 ماہ کی درآمدات کے مساوی ہوں گے، ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف ہر 2 ہفتے بعد اس پر اجلاس کرتے ہیں، ٹیرف اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیرف رجیم، کسٹم ڈیوٹیز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی گئی ہے، پہلے سال خام مال اور درمیانی اشیاء پر ڈیوٹیز میں کمی آئی ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضے میں کمی لائی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں