ملٹی نیشنل جاپانی کمپنی کا ’’میڈان پاکستان‘‘ آٹوپارٹس بنانے کا اعلان
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کی آٹو انڈسٹری کیلئے ایک مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ایک ملٹی نیشنل جاپانی کمپنی نے ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ آٹو پارٹس کی تیاری کو فروغ دینے کیلئے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط ارسال کر دیا گیا۔
خط کے مطابق آٹو پارٹس کی مقامی تیاری کے جاری میگا پروجیکٹ میں مزید 1 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی گئی ہے، اس سے قبل اس منصوبے کیلئے 4 ارب 10 کروڑ روپے مختص کئے جا چکے تھے، جس کے بعد مجموعی سرمایہ کاری بڑھ کر 5 ارب 10 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ اس سرمایہ کاری کو جدید مشینری، نئے پلانٹس اور دیگر ضروری آلات کی تنصیب پر خرچ کیا جائے گا، تاکہ ملک میں اعلیٰ معیار کے آٹو پارٹس کی مقامی سطح پر تیاری ممکن بنائی جا سکے۔
کمپنی کے مطابق ایک منصوبہ پہلے ہی زیرِ تکمیل ہے جو 2026 تک مکمل ہوگا، جبکہ ایک نیا منصوبہ 2027 تک پایۂ تکمیل کو پہنچے گا۔
خط میں کہا گیا کہ اس اقدام سے نہ صرف درآمدات میں کمی آئے گی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، یہ پیش رفت پاکستان کی صنعتی خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔